میہڑ، بھائیوں نے بہن کو قتل کر کے خودکشی کا ڈرامہ رچایا

435

میہڑ (نمائندہ جسارت) نوابشاہ کے بعد میہڑ میں بھی ظالم بھائیوں نے اپنی بہن کو قتل کر کے خودکشی کا ڈرامہ رچایا، میہڑ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک بھائی کو گرفتار کرلیا، دوسرا بھائی فرار۔ پانچ روز قبل میہڑ کی وحدت کالونی میں مبینہ گولی لگنے سے جاں بحق ہونے والی شازیہ خاصخیلی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ڈاکٹروں کی جانب سے پوسٹ مارٹم میں متوقع لڑکی کو گولی پیچھے سے مار کر قتل کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے، رپورٹ کے بعد میہڑ تھانے پر متوفی لڑکی کے قتل کا مقدمہ سرکار کی جانب سے اے ایس آئی پریل سمیجو کی فریاد پر متوفی لڑکی کے دو بھائیوں عبدالحمید خاصخیلی اور نور نبی خاصخیلی پر درج کرلیا گیا جبکہ قتل کیس درج ہونے کے بعد میہڑ پولیس نے لڑکی کے قتل کے الزام میں لڑکی کے بھائی عبدالحمید خاصخیلی کو گرفتار کرلیا، دوسرا بھائی فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق واقعہ قتل ہے، اس لیے قتل کیس درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ واضح رہے کہ شازیہ کا رشتہ گل خاصخیلی سے کیا گیا تھا، شازیہ کی جانب سے شادی سے انکار پر دو بھائیوں اور ملزمان نے قتل کیا، مزید تحقیقات کررہے ہیں۔