جھڈو، علاقوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار

207

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو شہر کے مختلف علاقوں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھر مار، تحصیل انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کیخلاف کارروائی کرنے کا تین ہفتے قبل کیا گیا اعلان تاحال تعطل کا شکار، شہر کی مختلف مصروف شاہراہوں پر جگہ جگہ کھڑے چنگ چی رکشوں، گدھا گاڑیوں اور غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام ہونے سے راہگیروں اور شہریوں کو سخت دشواری کا سامنا، شہریوں کا تحصیل انتظامیہ سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری آپریشن کا مطالبہ۔ جھڈو کے مین اسٹیشن روڈ، پنگریو ٹنڈو باگو روڈ، پرانی ایم سی بی روڈ، پرانی گڑھ منڈی، جامع مسجد روڈ، تالپور اسکول روڈ، ناگوری چوک، اولڈ نیشنل بینک چوک، النور میڈیکل سینٹر روڈ، مویشی منڈی روڈ، ٹیلی فون ایکسچینج روڈ سمیت دیگر علاقوں میں جگہ جگہ کھڑے چنگ چی رکشوں، گدھا گاڑیوں اور ٹھیلوں اور تجاوزات کی بھر مار کی وجہ سے سڑکوں پر مافیا کا قبضہ ہونے کے باعث شہر کی مصروف ترین شاہراہِیں بلاک ہوجاتی ہیں، انکروچمنٹ اور چنگ چی رکشوں کی وجہ سے اکثر اوقات ٹریفک جام ہونے سے اسکول جانے والے طلبہ و طالبات اور پیدل چلنے والی خواتین اور بزرگ افراد کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تحصیل انتظامیہ تین ہفتے قبل تجاوزات کے خاتمے کے لیے جاری کردہ نوٹسزپر بھی تاحال عملدرآمد کروانے میں بری طرح سے ناکام نظر آرہی ہے۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر جھڈو اور ڈی ایس پی جھڈو سے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تجاوزات کیخلاف فوری طور پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔