پاک ایکسپو 2020ء کے دوران 14 ملین ڈالر کے معاہدے متوقع

203

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں حال ہی میں منعقد ہونے والی پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2020ء کے دوران ہونے والی میٹنگز کے نتیجہ میں پاکستانی اور چینی صنعت کاروں کے درمیان 14 ملین ڈالر کے معاہدے متوقع ہیں۔ یہ ایکسپو کا چوتھا ایڈیشن تھا جس کا اہتمام ایورسٹ انٹرنیشنل نے کیا جو پاکستان اور چین کے تاجروں کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک بالخصوص چین کی جانب سے سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کو راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے۔تین روزہ ایونٹ میں 2000 سے زائد پروفیشنل پاکستانی کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ ایونٹ کے دوران 448 اجلاسوں کا انعقاد ہوا جن میں چین سے نمائش کنندگان نے پاکستانی کلائنٹس کے ساتھ B2B میٹنگز میں شمولیت اختیار کی۔ متعدد چیمبرز اور ایسوسی ایشنوں نے اپنے وفود کے ہمراہ ایونٹ میں شرکت کی جن میں کنٹریکٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان، ساہیوال چیمبر، سرگودھا چیمبر، صوابی چیمبر، ہارڈ ویئرڈ مرچنٹس آف پاکستان، چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پشاور چیمبر اور کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایونٹ کا آغاز جدید ماڈل ’’آن لائن + آف لائن‘‘ پر کیا گیا۔ تمام نمائشیں فزیکلی طور پر دکھائی گئیں اور تمام B2B میٹنگز آن لائن ٹرمینل ایکوئپمنٹس کے ذریعے منعقد کی گئیں جو ہر بوتھ پر نصب تھے۔