زرمبادلہ کے ذخائر 12ارب 93 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے

373

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 33ماہ کی بلند ترین سطح بارہ ارب 93 کروڑ ڈالر سے زائد ہوگئے ، ایک ہفتے کے دوران ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر میں 17 کروڑ ستاسی لاکھ ڈالرز اضافہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب 8 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے، ایک ہفتے کے دوران ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر میں سترہ کرور ستاسی لاکھ ڈالرز اضافہ ہوا۔اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 12 ارب 93 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے، جو فروری دو ہزار اٹھارہ کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔دوسری جانب مسلسل چوتھے ماہ ملکی کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں رہا ، اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس بڑھ کر اڑتیس کروڑ بیس لاکھ ڈالر سے تجاوز کر گیا، جو ستمبر میں پانچ کروڑنوے لاکھ ڈالر تھا۔جولائی سے اکتوبر کے دوران کرنٹ اکائونٹ ایک ارب بیس کروڑ ڈالر سرپلس رہا جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں کرنٹ اکائونٹ ایک ارب چالیس کروڑ ڈالر خسارے میں تھا ، ترسیلات زر میں اضافے اور تجارتی خسارہ محدود رہنے سے کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں اضافہ ہوا۔