ایف اے ٹی ایف کی بقیہ 6 شرائط بھی جلدی پوری کردیں گے،حماد اظہر

639

فیصل آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی 27میں سے 21شرائط پوری کر دی گئی ہیں جبکہ باقی 6بھی فروری تک پوری کر دی جائیں گی ،عمران خان کی قیادت میں صرف ڈھائی سال کی مدت میں ڈوبتی معیشت کو ترقی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے اور اب ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ شرمندہ تعبیر ہوتا نظر آرہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کی ایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوںنے فیسکو کے اعداد وشمار کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 2018ء میں 200 ٹیکسٹائل ملز اور ہزار وں لومز بند تھیں جبکہ آج تمام ملیں پوری استعداد کار کے مطابق چل رہی ہیں ۔ محرم کے دن نکال کر اب صنعتی یونٹ 334دن مسلسل چلے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دنیا کے واحد رہنما ہیں جنہوں نے بروقت فیصلے کر کے صنعتوں کو کھولا اور آج اس
کے ثمرات مل رہے ہیں۔ مشکل حالات کے باوجود حکومت نے صنعتوں کو کوروناکے منفی اثرات سے بچانے کے لیے ریلیف پیکج دیا ۔ تعمیرات کے لیے مراعاتی پیکج اور ٹیکس فری بجٹ دیا گیا جبکہ موبائل اور آٹو موبائل انڈسٹری کے لیے پیکج بھی دیں گے۔