وفاقی حکومت بلوچستان کیلئے 600 ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

220

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے بلوچستان کے 9 پسماندہ اضلاع کے لیے 600 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا،گلگت بلتستان کے عوام نے بڑا سیاسی فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے عمران خان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے،وہاں الیکشن ختم ہوا ہے اور جلد تحریک انصاف کی حکومت بن جائے گی۔وفاقی وزیر منصوبہ و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی یہ ذمے داری ہوتی ہے کہ اپنے معاشرے کے کمزور طبقے کو سہارا دیا جائے اور ملک کے سب سے پسماندہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دی جائے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کے تمام صوبوں کے ترقیات
کی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے بحیثیت مجموعی ایک مربوط ترقیاتی پروگرام بنایا جائے کیونکہ کئی چیزیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہوتی ہیں، نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کے لیے روزگار اور آمدنی کا ذریعہ پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیربرائے مواصلات مراد سعید و دیگر وفاقی وزرا ء کے ساتھ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان تمام علاقوں کی یکساں ترقی چاہتے ہیں ،بلوچستان کے عوام کو وزیراعظم عمران خان سے بہت سی امیدیں ہیں جنوبی بلوچستان کی ترقی کے لیے پیکیج بہت اہمیت کا حامل ہے، عوام کی زندگیوں میں تبدیلی کے خواب کو حقیقت کا روپ دے رہے ہیں ۔ وفاقی وزیرامواصلات مراد سعید نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہاکہ تربت ،ہوشاب اور آوران شاہرہ کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے ،جنوبی بلوچستان کے لیے متعد د مواصلاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے، موجودہ حکومت نے 3082کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھانے کا منصونہ بنایا ہے ۔