صنفی امتیاز کے خاتمے کیلیے ملکر کام کرنا ہوگا ‘مرتضیٰ و ہاب

238

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان ،مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کشمور واقعہ اور13سالہ بچی آرزو کے کیس میں سندھ پولیس کا کردار شاندار رہاہے،معاشرے سے صنفی امتیاز سے متعلق رجحانات کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہمیں صنفی امتیاز پر مبنی تشدد کی نوعیت کے مسائل اور تشدد کے رجحانات کو سمجھنے کی ضرورت ہے،صنفی تشدد
کے رجحانات کے خاتمے کے لیے صرف حکومت نہیں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،سول سوسائٹی، حکومت، مقننہ اور عدلیہ سب مل کر کوشش کریں تو اس معاشرتی بْرائی پر قابو پایا جاسکتا ہے ،پالیسی میکنگ کے حوالے سے سندھ حکومت ہمیشہ سول سوسائٹی کے ساتھ ہے، کشمور واقعے میں سندھ پولیس نے مثال قائم کیا، آرزو کے معاملے پر پولیس کا رول شاندار رہا، عدالتوں کو بھی اپنا کام بخوبی سرانجام دینا چاہیے ، ایک جنڈر بیس کیس کو مکمل ہونے میں 17 ماہ لگتے ہیں جو کہ 3 ماہ میں فیصلہ ہونا چاہیے۔