ماہی گیروں کے مسائل حل اور محکمے کو مزید فعال کرینگے، علی زیدی

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ کو مزید فعال بنایا جائے، ماہی گیروں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی فش ہاربر کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر انہوں نے آکشن ہالز، فلوٹنگ جیٹی اور ہاربر پر کھڑی چھوٹی بڑی لانچوں کا معائنہ کیا، چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی، وفاقی وزیر نے چیئرمین عبدالبر کے
کاموں کی تعریف کی اور مزید بہتری کیلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر نے بتایا کہ یہاں پر چھوٹی لانچوں کیلیے سیفٹی وال بنانی ہے جس کی تعمیر کیلیے ہم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ سے اجازت مانگی ہے، یہ سیفٹی وال تعمیر ہونے کے بعد چھوٹی لانچوں والے ماہی گیروں کو بڑی سہولت مل جائے گی۔ وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ آپ فوری طور پر اس وال کی تعمیر کا آغاز کریں، آپ کی طرح ہمارا مقصد بھی ماہی گیروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے، ہم ملکر ان تمام مسائل کو حل کرکے فشریز کی صنعت کو اپنے پاؤں پر نہ صرف کھڑا کر سکتے ہیں بلکہ اسے جدید خطوط پر استوار کر کے منافع بخش انڈسٹری میں تبدیل کرسکتے ہیں۔