بین الاقوامی معیارات محنت پر 3روز تربیتی پروگرام ختم

190

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایڈمنسٹریشن ٹریننگ کے زیراہتمام ایف ای ایس کے تعاون سے بین الاقوامی معیارات محنت پر 3 روزہ تربیتی پروگرام گزشتہ روز نیلاٹ میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی سینئر ترین مزدور رہنما پروفیسر شفیع ملک نے کہا کہ کارخانوں کی ترقی کے لیے آجر اور اجیر صنعتی تعلقات کو فروغ دیں اور بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی محنت سے صنعتیں ترقی کرتی ہیں لیکن مزدوروں کو حقوق دینے کے لیے کوئی راضی نہیں۔ محکمہ محنت لیبر قوانین پر عمل کرانے میں ناکام ہوگیا۔قانون پر عمل کرانے والے لیبر انسپکٹر کی خواہش ہوتی ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ٖڈیفنس یا کلفٹن میں بنگلا بن جائے۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے نیلاٹ کے ڈائریکٹر جنرل نور الہادی نے کہا کہ نیلاٹ تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین پر عمل کرکے ہی مزدوروں کو حقوق مل سکتے ہیں۔ قبل ازیں 3 دنوں میں صنعتی تعلقات کے ماہرین نے عالم معیارات محنت پر لیکچر دیے۔مشیر صنعتی تعلقات شفیق غوری، سعد عبدالوہاب، سید امجد علی شاہ بخاری، سید غیور الحسن، سید حاکم علی شاہ بخاری، ڈاکٹر اخلاص احمد، دلاور خان تنولی، محمد جعفر خان، کنول صدیقی، روبینہ عروج اور تعظیم احمد نے لیکچر دیے۔