دواؤں کی قیمت میں اضافہ، پشاور ہائیکورٹ ڈریپ پر برہم

139

پشاور (این این آئی) پشاور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس قیصر رشید نے سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پر دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دواؤں کی قیمتوں میں کمی پر رپورٹ طلب کرلی، قیمتیں کم سے کم کرنے اور اتائیوں اور غیر قانونی لیب کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم، سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں دواؤں کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سماعت ہوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف
آئی اے نے دواؤں میں اضافے کی فہرست پڑھ کر سنائی، جس پر قائم مقام چیف جسٹس قیصررشید نے کہا کہ سی ای او صاحب آپ کو قیمتوں میں اضافے کا پتا ہی نہیں، اتنے بڑے عہدے پر ہیں اور صبح سے آپ عدالت میں غلط بیانی کر رہے ہیں، کیو ں نہ آپ کے خلاف کارروائی شروع کریں؟ کس نے آپ کو اتنے بڑے عہدے پر بٹھایا ہے، عوام کی مشکلات کا آپ لوگوں کو احساس ہی نہیں، عوام میں اتنی مہنگی دوائیں خریدنے کی سکت ہی نہیں، دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا، سی ای او صاحب دواؤں کی قیمت میں اضافے کی فہرست پر نظرثانی کریں اور اس کو کم سے کم قیمت پر لائیں۔