تحریک لبیک کے سربراہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے

982

اسلام آباد/لاہور(نمائندہ جسارت+ آئی این پی)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی انتقال کرگئے ،وہ چند روز سے علیل تھے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی دارفانی سے کوچ کر گئے ہیں ۔ علامہ خادم حسین رضوی پنجاب کے ضلع اٹک سے تعلق رکھتے تھے،
وہ حافظ قران تھے ،انہیں عربی اور اردو کے علاوہ فارسی زبان پر بھی عبور حاصل تھا۔کئی سال قبل وہ ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں معذور ہوگئے تھے۔خادم حسین رضوی22جون 1966ء ضلع اٹک میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام حاجی لعل خان تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم جہلم سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے درس نظامی مکمل کیا۔واضح رہے کہ علامہ خادم حسین رضوی نے کئی دھرنوں کی قیادت کی جب کہ گزشتہ ہفتے 14سے16نومبر کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنے کی قیادت کی تھی جس کے بعد حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا تھا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں دھرنے کے دوران ہی بخار ہوا جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔دوسری جانب خاندانی ذرائع نے بھی ان کے گزشتہ چند روز سے بخار میں مبتلا اور اس کے نتیجے میں انتقال ہونے کی تصدیق کی ہے ۔تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بھی خادم حسین رضوی کی موت کی تصدیق کرتے ہوے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی خادم حسین رضوی کو جنت میں جگہ عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے،ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق‘پاکستان علماء کونسل کے سربراہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور دیگر نے بھی ان کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔