حکومت کازائرین کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

441

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ ایران ، عراق اور شام کے مقدسات کے زائرین کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، اس سلسلے میں ایران اور عراق  کی حکومتوں کے ساتھ باہمی تعاون کی یاداشت پر بھی دستخط ہونگے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جامع زیارت پالیسی بنانے کے لیے نوراحق قادری کی زیر صدارت بین الوزارتی اجلاس منعقدہوا، جس میں تمام مذہبی جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

وفاقی مذہبی امور نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع زیارت پالیسی بنائی جائے گی، حج عمرہ آپریٹر ز کی طرز پر زیارت گروپ آپریٹرز تشکیل دیے جائیں گے،کوئٹہ اور تفتان میں زائرین کی عارضی رہائش، طبی  اورسفری سہولیات بہتر بنائیں گے۔

نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ بغداد ،کربلا اور نجف میں زائرین اور زیارت گروپ آپریٹرز کی سہولیات کے لیے اضافی عملہ ہوگا،زمینی سفرکرنے والے زائرین کی سہولت کے لیے روڈ نیٹ ورک بہتر کیا جائےگا،جامع زیارت پالیسی بنانے سے زائرین کی شکایات بروقت دور کرنا ممکن ہوگا۔