کراچی کنگز پی ایس ایل کا نیا چیمپیئن بن گیا

820

کراچی: پاکستان سپر لیگ فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو  5وکٹ سے ہرا کر پہلی بار ٹورنامنٹ جیت لیا، کراچی کنگز نے 135 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل پانچویں ایڈیشن کے فائنل میچ میں بابر اعظم کی ناقابل شکست رنز کی اننگز کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو فائنل میں باآسانی شکست دیدی۔ لاہور قلندر کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم شرجیل تیسرے اوور میں 13 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ بابراعظم نے الیکس ہیلز کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 49 کے مجموعی اسکور پر ہیلز بھی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد چیڈوک والٹن اور بابراعظم کے درمیان 61 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابراعظم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ اسکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا۔ بابراعظم نے 39 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جس میں 6 چوکے شامل تھے جب کہ والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 22 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، والٹن کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد اور ردر فورڈ بیٹنگ کرنے کیلئے آئے، دونوں خاطر خؤاہ کارکردگی نہ دکھاسکے، افتخار احمد 4، اور درد فورڈ بغیر کھاتے کھولے آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کپتان عماد وسیم اور بابر اعظم نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا، بابر اعظم 63 اور عماد وسیم 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف، دلبر حسین نے 2،2 اور سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جوکہ سود مند ثابت نہ ہوا، لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور تمیم اقبال نے کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں بغیر کوئی وکٹ گنوائی 37 رنز بنائے اور دونوں اوپنرز نے انتہائی سست بیٹنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 68 رنز بنائے۔ اننگز کے گیارویں اوور میں عمید آصف نے دونوں اوپننگ بلے بازوں کی اننگز کا خاتمہ کیا، تمیم اقبال کی اننگز کا خاتمہ ہوا وہ 38 گیندوں پر 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور فخرزمان نے 24 گیندوں پر 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد لاہور قلندرز کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ ہوسکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر صرف 134 رنز ہی بناسکی۔

لاہور قلندرز کے محمد حفیط 2، سمت پٹیل 5، بین ڈنک 11، کپتان سہیل اختر 14، محمد فیضان نے کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی۔ شاہین آفریدی 12 اور ڈیوڈ ویزے 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال، عمید آصف، وقاص مقصود نے 2،2 اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔