کراچی میں یخ بستہ ہواؤں کا راج، سردی کی شدت میں اضافہ

462

کراچی: سائیبیریا یا کوئٹہ کی یخ بستہ ہواؤں نے شہر قائد کا رخ کرلیا ہے جس کی وجہ سے آئندہ 2، تین دن میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت 14سے 16 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ ہفتے تک رات میں سردی کی جزوی لہر رہےگی اور اگلے 24 گھنٹوں کےدوران مطلع صاف اور رات میں سردی رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے وقت درجہ حرارت 2 سے3 ڈگری مزید کم ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 17 اعشاریہ پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ  کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 14سے16ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23سے29  ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد رہے گااور شمال مشرق سے ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹےکی رفتارسے چل رہی ہیں۔

واضح رہے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور برفباری سے ہر چیز نے سفید چادر اوڑھ لی ہے اور دیر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی ہے جبکہ دیر کے علاقے گانشان سر میں چار فٹ تک برف پڑی ہے، مہوڈنڈ میں 3 فٹ، کالام، مالم جبہ اور ملحقہ علاقوں میں اب تک 2 فٹ تک برف پڑ چکی ہے اور مسلسل بارش و برفباری سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ ملک کے دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں سیاح ان مقامات پر پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔