ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے امداد کا اعلان، بل گیٹس

713

واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاو کے لئے میکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے امداد کا اعلان کردیا ہے جبکہ امداد ان کی فلاحی تنظیم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے دی جائے گی۔

عالمی میڈیا کے مطابق دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک بل گیٹس نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ویکسین کی دنیا بھر کے ممالک میں فراہمی یقینی بنانے کیلئے 7 کروڑ ڈالر امداد ان کی فلاحی تنظیم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا اعلان کرتے ہوئے بل گیٹس کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر کونے میں کورونا وائرس پھیلا ہے اور اس لیے ویکسین بھی سب کا حق ہے اور ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے عالمی اداروں کی طرف سے 7 کروڑ ڈالر کی امداد کی جائے گی جبکہ  فلاحی تنظیم نے امدادی رقم 2 حصوں میں ادا کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کوویکس ایڈوانس مارکیٹ کمٹمنٹ گروپ کو 5 کروڑ اور کولیشن آف اپیڈیمک پریپرڈینس انوسیشنز کو 2 کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے۔

واضح رہے یہ دونوں ادارے عالمی گروپ کے ساتھ کورونا ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ ٹیسٹوں، علاج اور ویکسینوں کی فراہمی دنیا بھر میں مساوی بنیادوں پر کی جاسکے۔