وزیراعظم کو وزراء و مشیر زوال کے قریب لے آئے، مولا بخش چانڈیو

145

حیدرآباد (نمائندہ جسارت)پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں اور بنی گالہ میں چین اورسکون کی بانسری بجا ئی جا رہی ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میںکہا کہ سرکاری اداروں کے اعداد و شمار دو گنا سے زیادہ مہنگائی بتا رہے ہیں اور وزیراعظم کچھ اور ہی کہہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ خدا جانے یہ بے خبر وزیراعظم ملک کا کیا حشر کریں گے۔سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ مہنگائی نہ ہونے کی غلط معلومات دینے والے وزرا اور مشیر وزیراعظم کو زوال کے قریب لے آئے ہیں ۔جو وزراء اب تک مہنگائی کا اعتراف کر رہے تھے اب وہ بھی یوٹرن لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب پوری وفاقی کابینہ بھی ملک میں تاریخی سستائی ہونے کا ڈھول پیٹے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانات اور انداز بتا رہے ہیں کہ یہ اب مسافر اور چند دنوں کے مہمان وزیراعظم ہیں۔