بابراعظم تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کےکپتان مقرر

334

بابراعظم کوتینوں فارمیٹ میں قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکردیا گیا۔

بابر اعظم کا کپتان بننے کے بعد پہلا اسائنمنٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل نیوزی لینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں پرمشتمل سیریزمیں پاکستان کی قیادت کرنا ہوگا۔دونوں ممالک کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بابر اعظم کی تقرری کی منظوری اظہر علی سے ملاقات کرنے کے بعد دی۔ ملاقات میں احسان مانی نے بطور کپتان خدمات پر اظہر علی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے بابراعظم سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس تقرری پر مبارکباد پیش کی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ اظہر علی کے پاس کرکٹ کا علم بھی ہے اوروہ ایک  اسپیشلسٹ ٹاپ آرڈر بیٹسمین ہیں، اظہر علی میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے اورانہیں  یقین ہے کہ ان کے تجربے سے ابھی پاکستان  بہت فائدہ اٹھاسکتا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ کم  عمر ی میں ہی بابراعظم میں موجود مستقبل کے کپتان کی نشاندہی کر لی گئی تھی ، ان کی ڈویلپمنٹ کے لیے انہیں گزشتہ برس وائٹ بال کرکٹ کا کپتان مقرر کیا گیا  تھا اور تسلسل کے ساتھ ان کی پرفارمنس اور قیادت  کی صلاحیتوں کے بنیاد پر انہوں نے ثابت کیا کہ وہ کپتان کے اضافی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لئیے تیار ہیں۔

نو منتخب کپتان بابراعظم کا کہنا ہےکہ ٹیسٹ کپتان بننے پر وہ بہت فخراور خوشی محسوس کررہے ہیں  کیونکہ اب ان کا شمار ان چند کھلاڑیوں میں ہوگیا ہے کہ جنہوں نے کھیل کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کی ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ وہ یہ  اضافی ذمہ داری اٹھانے کے لئے تیار ہیں اور اس سے ان کے اعتماد میں  اضافہ بھی ہوگا۔