بلاول کے بیان پر خوش ہونیوالوں میں صف ماتم بچھنے والی ہے، رانا ثنا

119

فیصل آباد (صباح نیوز) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کے بیان پربغلیں بجانے والوں میں بہت جلدصف ماتم بچھنے والی ہے، حکمرانوں کے پاس الزام اورانتقام کے علاوہ دوسراکوئی ایجنڈانہیں، معاشی استحکام کونظراندازکرکے سیاسی انتقام پرتوجہ دینے والوں نے معیشت کابیڑہ غرق اورغریب عوام کوزندہ درگورکردیاہے، ایسی حکومت سے نجات ثواب کا کام ہے۔ صباح نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی سوجھ بوجھ اور شعور رکھنے والے بلاول زرداری کے بیان کو غلط قرار نہیں دے سکتے اس کو ایشو بنا کر پی ڈی ایم میں دراڑ کی خواہش پوری نہیں ہوسکتی۔ نااہل حکومت سے نجات صرف اپوزیشن کی نہیں بلکہ اس کے اپنے ارکان اور 22 کروڑ عوام کی خواہش ہے، نواز شریف عمران خان سے زیادہ محب وطن ہیں انہیں کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ فوج صرف ایک عمران خان اور پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کی ہے جسے حکمرانوں سے زیادہ نوازشریف قابل احترام سمجھتے ہیں۔ ان پر بھارتی زبان بولنے کا الزام بدزبان عمران خان لگا کراداروں کومتنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان کی ناکارہ گاڑی دھکا لگا کر بھی زیادہ سفر کرنے کے قابل نہیں رہی۔