ناموس رسالتؐ ریلی : حکومت فرانس کے خلاف جہاد کا اعلان کرے، خادم حسین

1106

کراچی : تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی ) کے امیر علامہ خادم حسین رضوی  نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت فرانس کے خلاف جہاد کا اعلان کرے اورفرانس کے سفیر کو فوری ملک بدر کیا جائے۔

ٹی ایل پی کے تحت تحفظ ناموس رسالتؐ مارچ منعقد کیا گیا ، یہ مارچ ائیرپورٹ سے شروع ہوکر شاہراہ قائدین پر ختم ہوا،مارچ کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حرمت رسولﷺ کے تحفظ کے لیے وہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار ہیں ۔

علامہ خادم حسین رضوی نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مزید مطالبات کرتے ہوئے کہاکہ فرانس کی منصوعات کا سرکاری سطح پر بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے ،اس سے کم کوئی بات قابل قبول نہیں ہے۔

ٹی ایل پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ روئے زمین پر کہیں بھی گستاخ کو زندہ چھوڑنا بالکل جائز نہیں،نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت میں قبول نہیں ہے،گستاخوں کو پیغام ہے کہ اب ان کے لیے کوئی معافی نہیں ہے۔

علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ کفر اور اسلام کی غیر اعلانیہ جنگ کا آغاز ہوچکا ہے، اس موقع پر جس نے بزدلی دکھائی وہ سوچ لے کہ قبر میں اورقیامت کے دن رسول کریم ﷺ کا سامنا کس طرح کرے گا،فرانس نے سرکاری سطح پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کرکے عالمی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے، جس کی کوئی معافی نہیں۔