ڈگری، خستہ حال بجلی کے 4 کھمبے رکشے پر گر پڑے، 10 افراد زخمی

134

ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری کے قریب حیسکو کی نااہلی کے سبب العباس شوگر ملز کے نزدیک واپڈا کے خستہ حال چار بجلی کے کھمبے اچانک رکشے پر گر پڑے، عورتوں، مردوں اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈگری کے قریب حیسکو کی نااہلی کی وجہ سے العباس شوگر ملز کے نزدیک واپڈا کے خستہ حال چار کھمبے اچانک گرگئے جس کے نتیجے میں گیارہ ہزار وولٹیج کی بجلی کی تاریں ڈگری سے میرپور خاص جانے والے رکشے پر مین روڈ سے گزرنے والی تاریں گر پڑیں جس کے نتیجے میں چنگ چی رکشہ الٹ جانے کے باعث رکشے میں سوار ڈگری کے نواحی گائوں دودو خان لغاری کے رہائشی کولہی برادری سے تعلق رکھنے والے 10 افراد آنبو، شانتی، شموں، ڈانسنگھ، گگلو، نارو مل، نرسنگھ، ویرسن، نربھو، پرسو اور معصوم بچہ رائچند کولہی شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی رورل ہیلتھ سینٹر میرواہ پہنچایا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ شدید زخمیوں آنبو زوجہ ویرسن اور شانتی زوجہ نربھو کولہی کو حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔ واضح ہو کہ اس وقت ڈگری شہر سمیت نواحی علاقوں میں نصب بجلی کے اکثر کھمبے اپنی مدت معیاد پوری کرکے کمزور اور خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ ڈگری کے اکثر دیہی علاقوں میں بجلی کے کھمبوں کو ڈنڈوں کا سہارا دے کر لگایا ہوا ہے جس کی وجہ سے انسانی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں جبکہ مویشیوں کی ہلاکتوں کے واقعات بھی رونما ہوچکے ہیں۔