پنجاب:صحت انصاف کارڈ کا دائرہ مرحلہ وار بڑھانے کا فیصلہ

113

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں صحت انصاف کارڈ اور غریب افراد کو ملنے والے علاج کی تفصیلات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں صحت
انصاف کارڈ کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار بتدریج بڑھائیں گے،پہلے مرحلے میں 51 لاکھ سے زاید خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ ابتدائی طور پر غریب و مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے دکھ اور مشکلات کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے کم کرنا چاہتے ہیں اوروہ دن دور نہیں جب صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں ہر شہری کو میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ اسکیم میں کسی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،بہترین علاج کی سہولت پنجاب کے ہر شہری کا پورا حق ہے،سرکاری ملازمین، مدارس کے طلبہ ، اساتذہ، صحافیوں اور دیگر طبقات کو بھی صحت انصاف کارڈ دیے جائیں گے۔