پی پی عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے لیے کوشاں ہے، سکندر علی راہپوٹو

77

کوٹری (پ ر) پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور ملکی ترقی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں۔ غفلت برتنے والے افسران کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی سکندر علی راہپوٹو نے ضلع سوشل ڈیولپمنٹ اینڈ ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی ملک اسد سکندر، ایم این اے کہیل داس کوہستانی، خاتون ایم پی اے حنا دستگیر، ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی سمیت پیٹرولیم کمپنی کے افسران اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں پیش کی جانے والے اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی جامشورو نے ترقیاتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعدد اسکیمیں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ بعض اسکیمیں تعطل کا شکار ہیں اور دو اسکیموں پر کام ہی شروع نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے اسکیموں کو ریوائزڈ کرنا ہوگا۔ محکمہ پبلک ہیلتھ جامشورو کا تعمیراتی کاموں میں سستی برتنے اور لاپروائی کا مظاہرہ کرنے پر چیئرمین سکندر راہپوٹو نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی سی جامشورو کو ہدایت دی کہ وہ معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کریں تاکہ ان کیخلاف ایکشن لیا جائے۔ ملک اسد سکندر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں علاقوں میں بہتری لانے اور عوامی بہبود کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ترقیاتی کاموں میں سست روی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں بلا امتیاز کام کرائے جائیں گے، پسماندہ علاقوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرایا جائے گا۔ اجلاس میں صحت، تعلیم، توانائی اور فراہمی آب کی متعدد اسکیموں کی بھی منظوری دی گئی۔