مہنگائی، غربت اور کرپشن سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا، رفیق منصوری

312

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) مہنگائی، غربت اور کرپشن سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملک کے تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے وہ ہے اسلامی نظام کا نفاذ۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر رفیق منصوری نے مقامی امراء اور ضلعی شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور کرپشن سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ملک کے تمام مسائل کا ایک ہی حل ہے وہ ہے اسلامی نظام کا نفاذ، مگر 27 ماہ گزرنے کے باوجود حکومت اپنی سمت متعین نہیں کرسکی، حکومت نے عوام کو مہنگائی اور غربت کی چکی میں پیس کر رکھ دیا، حکومت کے پاس کوئی وژن ہے نہ پالیسیوں میں توازن ہے۔ آٹا مہنگا، دال مہنگی، بجلی مہنگی ہر چیز مہنگی سے مہنگی ہوتی جارہی ہے، ملک میں خانہ جنگی کی سی کیفیت ہے۔ وزیر اعظم کنفیوژن کا شکار ہیں، آج تک یہ معلوم نہ کرسکے کہ حکومت کون، کس طرح چلا رہا ہے۔ وزیر اعظم کہتے تو یہ تھے کہ ملک کو مدینہ کی ریاست کی طرح چلائیں گے مگر اب کہتے ہیں کہ ملک میں چین کا نظام لائوں گا، ہر مرد و جوان مایوسی کا شکار ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، جماعت اسلامی کا کارکن غریب اور مایوس عوام کی آواز بنے گا اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے عوام کو منظم اور متحرک کرے گا۔ قبل ازیں جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کا اہم اجلاس امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ رفیق منصوری کی زیرِ صدارت ہوا، اجلاس میں امرائے مقامات اور ضلعی شوریٰ کے ممبرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی ضلع نے ضلعی شوریٰ کے مشورے سے عبدالغفور انصاری کو ضلعی جنرل سیکرٹری مشتاق احمد عادل، محمد طفیل راجپوت کو نائب امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ جبکہ ارشد خاصخیلی اور راجہ وسیم احمد منصوری کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ مقرر کیا گیا، جنہوں نے حلف لینے کے بعد اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔