کورونا امدادی پیکیج پر یورپی ممالک میں اختلافات برقرار

286

برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے امدادی پیکیج پر یورپی پارلیمان اور حکومتوں کے درمیان اختلافات بڑھنے لگے۔ جرمن وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ اس مسئلے پر تعطل کے بجائے تیزی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ اولاف شولس نے رکن ممالک کے ہم منصبوں سے اپیل کی کہ امدادی پیکیج سے متعلق بات چیت کو جلد ختم کرنے کی کوشش کریں۔ ایسے حالات میں کہ جب یورپی ممالک دوبارہ سخت پابندیاں عائد کرنے جا رہے ہیں، امدادی پیکیج کا جتنی جلدی اعلان اور نفاذ ہو اتنا ہی بہتر ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مسئلے پر رکن ممالک اور یورپی پارلیمان کے درمیان بحث جاری ہے اور فریقین اس میں تاخیر کے لیے ایک دوسرے پر الزام عائد کر رہے ہیں۔ تاہم تمام حکومتیں ضرورت پڑنے تک مالی امدادی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراچکی ہیں۔