سندھ حکومت جرائم پیشہ افراد کیخلاف اقدامات کررہی ہے، سردار جاگن بھیو

121

شکارپور (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چیف سردار جاگن خان بھیو نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے بلاول زرداری جدوجہد کررہے ہیں، وہ اپنے نانا کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے عوام کے قریب جارہے ہیں، کیونکہ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عوام کو طاقت کا سرچشمہ قرار دیتے تھے، جبکہ حکمران عوام سے کوسوں دور ہیں، ان کو علم نہیں کہ ایک غریب کی اس مہنگائی کے دور میں کس طرح بیت رہی ہے۔ بلاول زرداری چاہتے ہیں کہ گراس روٹ تک عوامی مسائل حل ہوں، کیونکہ موجودہ جمہوریت نام کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شکارپور پریس کلب میں میٹ دی پریس میں باتیں کرتے ہوئے کہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت قبائلی جھگڑے نہیں ہیں، جو برادریوں کے اندر جھگڑے تھے ان کا بھی تصفیہ ہوچکا ہے، امن وا مان کی صورتحال زیادہ تر ان لڑائی جھگڑوں کے باعث خراب ہوتی ہے، جرائم پیشہ افراد کیخلاف حکومت سندھ بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ چیف سردار جاگن خان بھیو نے کہا کہ پی پی واحد عوامی پارٹی ہے، جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے۔ اس وقت آپ دیگر صوبوں سے سندھ کا موازنہ کرلیں تو آپ کو سندھ میں ترقیاتی کاموں سے لے کر صحت، تعلیم ودیگر محکموں کی کارکردگی بہتر نظر آئے گی۔