ثنا اللہ زہری سے تنازعات ہیں، ساتھ نہیں بیٹھ سکتے تھے، اختر مینگل

406

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد رکن قومی اسمبلی سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ان کے نواب ثناء اللہ زہری کے ساتھ قبائلی اور سیاسی تنازعات ہیں، پی ڈی ایم جلسے میں ساتھ بیٹھنا مناسب نہیں تھا،پی ڈی ایم جلسے کے نتائج پورے ملک میں پھیل چکے ہیں، ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں حکومت خود بوکھلا چکی ہے، یہ بوکھلاہٹ کب تک رہتی ہے فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔ گزشتہ روز کوئٹہ میں حافظ حسین احمد کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ نواب ثناء اللہ زہری کی پی ڈی ایم جلسے میں شرکت کے حوالے سے ہم نے اپنے تحفظات سامنے رکھے جس پر لیگی قیادت نے فیصلہ کیا کہ پارٹی فیصلوں کی پابندی ہونی چاہیے کوئی بغاوت کرے تو وہ حقیقی کارکن نہیں ہے، کوئی ن لیگ چھوڑ رہا ہے تو یہ اس کا ذاتی مسئلہ ہے، پارٹی چھوڑنے کا الزام ہمیں نہ دیا جائے۔