شہباز اور ترین کی شوگر ملز پر کارروائی کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

112

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف فیملی اور جہانگیر ترین کی شوگر ملوں کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی کے خلاف درخواستوں پر فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے درخواست گزاروں کے خلاف تادیبی کارروائی روکنے اور ایف آئی اے کو ملز مالکان کو گرفتار کرنے سے روکنے کے حکم امتناع میں بھی توسیع کردی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے شہباز شریف فیملی اور جہانگیر ترین کی شوگر ملوں کیخلاف ایف آئی اے کے اقدام کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل آف پاکستان نے اپنے دلائل میں درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ درخواستیں ناقابل سماعت ہیں لہٰذا عدالت درخواستیں خارج کردے۔