اپوزیشن کا پاکستان مخالف بیانیہ پٹ چکا ہے،عثمان بزدار

116

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی ،جس میں قومی اداروں کے خلاف مہم کی شدید مذمت کی گئی،دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ہر سطح پر اپنے اداروں کا دفاع کریں گے، اپوزیشن جماعتوں کا پاکستان مخالف بیانیہ پٹ چکا ہے،سیاسی یتیم پاکستان کے اداروں کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں،اپوزیشن جماعتیں ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا لازمی حصہ ہے ، فرانس میں آزادی اظہار کے نام پر کی جانے والی مذموم حرکتیں قطعی طور پر ناقابل برداشت ہیں ،ہم نے فرانسیسی صدر کے قابل مذمت بیان کا بھرپور جواب دینے کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ ہر سال ربیع الاول میں ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ سرکاری سطح پر منایا جائیگا ،50 کروڑ روپے سے رحمت اللعالمین اسکالرشپ کے اجراکیاجائیگا،اسکالرز کو نبی کریم ؐ کی سیرت پر ریسرچ کیلیے اسکالر شپ دی جائیں گی، حضرت محمد ؐ کی حیات مبارکہ پر دستاویزی فلمیں بنائی جائیں گی جنہیں چینلز اور سوشل میڈیا پر انگلش اور فرنچ سب ٹائٹل کے ساتھ نشر کیا جائے گا۔