مہنگائی میں 1.38 فیصداضافہ،سبزیاں،چینی، گوشت مہنگا

470

وفاقی ادارہ شماریات نے منہگائی میں اضافے کے ہفتہ وار اعداوشمار جاری کردیے۔ایک ہفتے کے دوران منہگائی میں 1.38 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا جب کہ گزشتہ ہفتے 17 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق آلو،پیاز،ٹماٹر،لہسن،چینی،انڈے،گوشت اورایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ رکارڈ ہوا،ٹماٹر کی اوسط فی کلو قیمت میں 62 روپے 79 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ٹماٹرکی فی کلوقیمت 134 روپے80 پیسے سے بڑھ کر197 روپے 59 پیسے ہوگئی۔

پیاز4 روپے فی کلواورآلو1 روپے 81 پیسے فی کلو منہگا ہوا۔ چینی 4روپے15 پیسے اورایل پی جی گھریلو سلنڈرپر13روپے فی کلو اضافہ ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران انڈے کی قیمت میں 1.04 روپے فی درجن اضافہ ہوا، خشک دودھ، مٹن، بیف، دال ماش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران چکن 1 روپے 92 پیسے فی کلو سستا ہوا جب کہ ایک ہفتے کے دوران آٹا 33 پیسے فی کلو سستا ہوا، دال مونگ، مسور، چنا اور گُڑ کی قیمتوں میں کمی رکارڈ کی گئی البتہ تازہ دودھ، دہی، گھی، نمک اورمرچ سمیت 27 اشیاکی قیمتوں میں استحکام رہا۔