نیب کرپشن فری پاکستان کیلیے پرعزم ہے، جسٹس جاوید اقبال

89

اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کرپشن فری پاکستان کے لیے پرعزم ہے، نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے شاندار نتائج سامنے آئے ہیں، نیب قانون کے مطابق شواہد اکٹھے کرنے کے بعد وائٹ کالر کرائمز کی سائنسی بنیادوں پر انکوائری اور انویسٹی گیشن پر یقین رکھتا ہے، میگا کرپشن کیسز اور وائٹ کالر کرائمز کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کی موجودہ کی قیادت کی جانب سے کیے گئے فیصلوں اور اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق تازہ ترین پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی، ڈی جی آپریشن، ڈی جی نیب راولپنڈی اور نیب کے دیگر افسران سمیت تمام علاقائی بیوروز کے ڈائریکٹر جنرلز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے وائٹ کالر کرائمز کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے زیادہ سے زیادہ 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے جو کہ کسی بھی دوسرے انسداد بدعنوانی کے ادارہ کے مقابلہ میں ریکارڈ ہے۔ اسلام آباد میں جدید فرانزک لیب قائم کی ہے جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیہ کی سہولت موجود ہے۔