ملاقاتیں دکھاوا ہیں، شریف خاندان میں پھوٹ پڑچکی، فیاض چوہان

220

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مریم نواز مسلم لیگ ن کو اپنے نام سے رجسٹر کرانے کی کوشش کر رہی ہیں، شریف خاندان میں پھوٹ پڑ چکی، دنیا کو دکھانے کے لیے آج حمزہ شہباز اور بیگم صفدر کا ملنا میری پیش گوئی کو غلط ثابت کرنے کی کوشش تھی، پی ڈی ایم دسمبر کا مہینہ نہیں نکالے گی اور ختم ہو جائے گی۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ آل شریف کو جیل میں تکلیف اور صرف لندن جا کر شفا ملتی ہے، آل شریف کی ہر بیماری کی جڑ دراصل اقتدار سے لمبی جدائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ م لیگ خاندان کے دیگر افراد سے ملکر شہباز شریف اینڈ فیملی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کر چکی ہے، عوام کے سامنے صرف ہمدردیاں سمیٹنے کے لیے خاندانی اتحاد دکھایا جا رہا ہے، جو کل تک آل شریف کے وفادار تھے، آج ان کے خلاف وعدہ معاف گواہان بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل شریف کے پوشیدہ عزائم ان کے اپنے پارٹی کارکنان پر بھی عیاں ہو چکے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کے کارکنان اور لیڈران بھی انکے بیانیے سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں۔