فائرنگ اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق

145

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں حادثات وواقعات میں6افراد جان کی بازی ہار گئے دیگر واقعات میں 4افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدوداورنگی ٹائون الطاف نگر حواگوٹھ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 22 سالہ محمد عامر کو قتل کر دیا ۔سرجانی ٹاؤن کے علاقے بروہی گوٹھ میں گھر کی چھت سے گر کر چالیس سالہ مریم زوجہ عزیز جاں بحق ہوگئی جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ لیاقت آباد کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10کچرا گلی سے ایک نوجوان کی لاش ملی جسے پولیس نے تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا اس حوالے سے ایس ایچ او لیاقت حیات نے بتایا کہ متوفی کی عمر 22 سے 25 سال کے درمیان ہے جو افغان ہے۔ نیوکراچی کے علاقے سیکٹر 11پاور ہائوس چورنگی کے قریب لاش کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر عباسی شہید اسپتال پہنچائی ،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 25 سے 30 سال کے درمیان ہے فوری طورپر متوفی کی شناخت اور وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی ۔عزیز بھٹی کے علاقے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے 65سالہ راہگیر جاں بحق ہوگیا ۔ متوفی کی شناخت 65سالہ سلیم ولد مسکین کے نام سے ہوئی۔ شاہ لطیف ٹائون کے علاقے ملیر سموں گوٹھ میں گھر میں کرنٹ لگنے سے 15سالہ جاوید ولد مراد جاں بحق ہوگیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں نامعلوم ملزما ن کی فائرنگ سے 24سالہ فرقان ولد عبدا للطیف زخمی ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق مضروب نے چند ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی لڑکی کے اہلخانہ راضی نہیں تھے۔سسرال والوں نے فائرنگ کرکے فرقان کو زخمی کیا تاہم پولیس واقعے کی مزید جانچ کررہی ہے۔ منگھوپیر کے علاقے خیر آباد میں نامعلوم ملزمان نے لوٹ مارکے دوران مزاحمت پر ڈنڈا مار کر 55سالہ مصطفی کو زخمی کردیا جس کو تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی جارہی ہے۔