کوئی مقدس گائے نہیں ‘سب کو جواب دینا ہوگا‘ مریم نواز

169

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں، کوئی آسمان سے نہیں اترا، سب کو جواب دینا پڑے گا۔لاہور میں ن لیگ کی ‘’شیر جوان تحریک’’ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ اس کا بنیادی مقصد نئی نسل کو سیاسی شعور دینا ہے، ہم نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بنائیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ اگر نواز شریف نے آئین سے متصادم کوئی بات بھی کی ہے تو بے شک ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کا ساتھ نہ دیں، آپ لوگوں کو وردی کے خلاف کوئی بات نہیں کرنی لیکن دیکھنا ہے کہ وردی کو داغدار کرنے والے دو، تین کردار کون سے ہیں؟انہوں نے کہا کہ حکومت کا سبق پڑھنے سے انکار کرنے والوں کو نیب کی جیل میں ڈال دیا جاتاہے، جب ووٹ کو عزت نہیں دی جاتی تو ملک بیٹھ جاتا ہے، غربت اور دہشت گردی سر اٹھاتی ہے، کشمیر کا مقدمہ بھی ووٹ کو عزت نہ دو کی وجہ سے ہار دیاجاتا ہے۔مریم نواز نے مزیدکہاکہ حکومت بتائے قرض کے17 ہزار ارب روپے کہاں گئے؟ حکومت اداروں کے پیچھے نہ چھپے۔