رکھ کر نبی کو سامنے آرائش کردار کر

649

روداد۔۔۔جلسہ سیرت النبی‬

خواتین ضلع وسطی کے تحت انجمن کمپلیکس میں جلسہ سیرت النبی بعنوان رکھ کر “نبی کو سامنے آرائش کردار کر”۔۔۔20 اکتوبر سہ پہر ساڑھے تین بجے منعقد ہوا۔
اسٹیج کو خوبصورت پھولوں سے مزین کیا گیا تھا جلسہ گاہ میں مہمانوں کے لیے کرسیوں کے ساتھ فرشی نشست کا بھی انتظام تھا۔ نماز کے لیے الگ جگہ مختص کی گئی تھی۔ مہمانوں کے ساتھ آنے والے بچوں کے لیے گوشہ اطفال بھی بنایا گیا تھا۔ جمعیت طالبات ،الخدمت اور جے آئی یوتھ نے اپنے اپنے اسٹال لگائے ہوئے تھے۔ کتب کے اسٹال پر رعایتی قیمت پر کتابیں موجود تھیں۔
میزبانی کے فرائض فریدہ گلزار صاحبہ نے سرانجام دیے جو قرآن انسٹیٹیوٹ کیمپس 2 کی پرنسپل ہیں۔فریدہ گلزار نے ناظمہ ضلع وسطی مسرت جنید کو اپنی ٹیم کے ساتھ اسٹیج پر آنے کی دعوت دی کیونکہ پروگرام کی اصل میزبان حلقہ خواتین ضلع وسطی کی ٹیم ہی تھی۔
پروگرام کا آغاز اپنے وقت پر تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ جویریہ صاحبہ نے سورہ احزاب کی چند آیات کی تلاوت پیش کیں۔ عبیرہ عامر نے ہدیہ نعت “شاہ امم کی ایک نظر” پیش کیا۔ پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے فریدہ گلزار صاحبہ نے آمنہ عثمان صاحبہ نائب قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کو دعوت خطاب دیا۔
آمنہ عثمان کی آواز اور ان کا نام حاضرین محفل کے لیے نیا نہ تھا۔ آمنہ عثمان صاحبہ نے رمضان المبارک میں وائس ریکارڈنگ اور پی ڈی ایف کی مدد سے خلاصہ قرآن پاک کو بہترین انداز میں پیش کیا تھا۔ رمضان المبارک کے ختم ہوتے ہی وائس ریکارڈنگ اور پی ڈی ایف کی مدد سے سیرت کا سفر بہترین انداز میں پیش کیا۔ جسے جماعت اسلامی حلقہ خواتین اور ان کی تمام کارکنان اور ان کی ٹیم نے فیس بک، یوٹیوب پیج کے ذریعے اور واٹس ایپ گروپ کے ذریعے عام افراد تک سرکولیٹ کیا تھا۔
جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے نائب قیمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان آمنہ عثمان نے کہا کہ آپ ﷺ نے عورت کو اس کا اصل مقام عطا فرمایا۔ ہم نبیﷺ سے محبت کا دعویٰ کرتے ہیں مگر اس محبت کے رنگ ڈھنگ ہماری شخصیت پر یا زندگی کے معمولات پر کہیں نظر نہیں آتے۔ یہی وجہ ہے کہ سب سے زیادہ ہو کر بھی سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ آج بھی آپﷺ سے تعلق بنانے اور محبت کا دعویٰ کرنے سے پہلے ہمارا ان سے تعارف ضروری ہے۔ ربیع الاول کا مہینہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم سیرت النبی کا مطالعہ کریں آپ کی دی ہوئی تعلیمات پر عمل کریں اور ہمارا یقین کامل ہو کہ نبی ﷺ کی دی ہوئی تعلیمات اور نظام میں ہی ہماری فلاح ہے ۔ آپ سے تعلق اور محبت استوار کرنے کے لیے کسی ایک دن یا کسی ایک مہینے کو مخصوص نہیں کیا جاسکتا بلکہ یہ تو مستقل احساسات ہیں جو رگوں میں دوڑتے رہتے ہیں۔ نبیﷺسے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے لیکر چلیں اور اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے سب سے پہلے ہمیں قرآن و سنت سے جڑنا ہوگا کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ میری امت کا ایک گروہ ایسا ضرور رہے گا جو حق پر ہوگا اور باطل پر بھاری رہے گا یہاں تک کہ عیسیٰؑ ابن مریم آجائیں۔ آخر میں آمنہ عثمان صاحبہ نے کہا کہ قرآن وسنت کی پیروی میں ہی ہمارے تمام خوف و مصائب کا حل ہے ۔
اگلی دعوت فریدہ گلزار صاحبہ نے نگراں شعبہ نشرو اشاعت ضلع وسطی زرینہ انصاری کو سود کے خلاف قرارداد پیش کرنے کے لیے دی اور اس قرارداد کو حاضرین محفل کی متفقہ کثرت رائے سے منظور کروایا گیا۔
اگلا دعوت خطاب فریدہ گلزار صاحبہ نے حلقہ خواتین ناظمہ ضلع وسطی مسرت جنید صاحبہ کو دیا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مسرت جنید نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا کہ آپ بہنوں کا یہاں آنا ہی نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار ہے۔ میں آنے والی تمام بہنوں سے ایک بات کہنا چاہتی ہوں کہ عزیز بہنو ہمارے پاس بہت اہم امتحانی پرچے ہماری اولادیں ہیں جو اسلام کا، پاکستان کا اور امت مسلمہ کا مستقبل ہیں اور یہ بہت اہم ہیں ہمارے لیے۔ ہماری دنیا اور آخرت کی فلاح کا دارومدار اسی پر ہے کہ ہم اپنی اولادوں کی بہترین تربیت کریں۔صحابیات کے اسوہ پہ چلنے کی کوشش کریں۔ میں آنے والی بہنوں سے گزارش کرتی ہوں کہ دین اسلام کے اس نور کو پھیلانے میں آپ ہماری مدد کریں تاکہ مملکت پاکستان میں ہم ایسا نظام قائم کرنے والے بن جائیں جہاں امن و سکون ہو جہاں ہماری بیٹیوں کی عزتیں محفوظ ہوں۔
ناظمہ ضلع نے پروگرام کا اختتام دعا پر کرنے سے قبل تمام حاضرین کو نماز کی طرف توجہ دلائی کہ وہ گھر جانے سے پہلے نماز عصر ادا کرکے جائیں اور اس با برکت محفل کا اختتام دعا پر ہوا۔