حافظ نعیم سے آل کراچی تاجر الائنس کے وفد کی ملاقات

207

راچی (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے آل کراچی تاجر الائنس کے سرپرست اعلیٰ خواجہ جمال سیٹھی کی قیادت میں ادارہ نورحق میں تاجروں کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں کراچی کے گمبھیر مسائل بالخصوص تاجروں اور کاروباری طبقے کو درپیش
مشکلات وپریشانیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ،تاجروں نے شہر کے مسائل کے حل کے لیے جاری جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کو وقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے اس کے مطالبات کی مکمل حمایت کی اور جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کے تاجروں سمیت دیگر طبقات کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی تاجروں کے ساتھ ہیں ،حقوق کراچی تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گی، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو با اختیار شہری حکومت دی جائے۔ کوٹا سسٹم ختم کیا جائے، نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دی جائے، مردم شماری دوبارہ کرائی جائے، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، کراچی کو بین الاقوامی طرز کا ٹرانسپورٹ کا نظام، تعلیم، صحت، پانی، سیوریج، اسپورٹس اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا مربوط نظام فراہم کیا جائے۔ وفدمیںچیئرمین حکیم شاہ ،سینئر وائس چیئرمین منصور جیک ، وائس چیئرمین شاکر فینسی ،جنرل سیکرٹری طاہر سربازی ،جوائنٹ سیکرٹری نصیب بلوچ ،ڈپٹی جوائنٹ سیکرٹری اسلم بھٹی ، فنانس سیکرٹری محمد سعید حنیفیہ ،ممبرز سپریم کونسل جابر خانزادہ ،عبد القادر سوریا ، امان اللہ خان ودیگر بھی موجود تھے ۔ملاقات میں سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ودیگر بھی موجود تھے۔