بااثر افراد مجرموں کی سر پر ستی کر رہے ہیں، سید نور شاہ

167

بھٹ شاہ (نمائندہ جسارت) مٹیاری ضلع کے تعلقہ ہالا میں لوٹ مار، چوری، زیادتی، بے امنی کیخلاف گاؤں یو سی کرم خان نظامانی کے رہائشی اور اقلیتی برادری کے خواتین و مرد کا بھٹ شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، جرائم پیشہ افراد سے تحفظ کا مطالبہ۔ گاؤں یو سی کرم خان نظامانی کے رہائشی اور اقلیتی برادری کے خواتین و مردوں نے سید نور شاہ، حاجی لغاری، عبدالغفور لغاری، مسمات جنت لغاری، بہار علی سہتو، محمد ہاشم سہتو، قیصر سہتو، عارب سہتو کی قیادت میں اللہ والا چوک سے بھٹ شاہ پریس کلب تک ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے کہا کہ مٹیاری ضلع کے تعلقہ ہالا میں چوری، ڈکیتی، بے امنی، خواتین سے جنسی زیادتی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گاؤں کے رہائشی غیر محفوظ ہوچکے ہیں، علاقے کے بااثر افراد جرائم پیشہ افراد کی سر پر ستی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے بااثر افراد خان محمد نواب نے گاؤں کے رہائشی حاجن لغاری کی لڑکی سے جنسی زیادتی کی، جس کا کیس دو خواتین اور دو مردوں کیخلاف ہالا تھانے پر داخل کیا گیا۔ پولیس نے خان محمد اور ان کی سہولت کار ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا، ایک ماہ گزر گیا اب تک دیگر جوابدار گرفتار نہ ہوسکے۔ بیوہ عورت مسمات جنت لغاری، پپو باگڑی کے گھر سے چور رات کے وقت سامان چوری کرکے لے گئے، اس کے علاوہ درجنوں لوٹ مار،، ڈکیتی، چوری کی وارداتیں ہوچکی ہیں مگر پولیس چوروں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ گاؤں کے رہائشیوں کی نشاندہی کے باوجود بھی پولیس جرائم پیشہ افراد کو گرفتار نہیں کر رہی۔ رہائشیوں نے وزیر اعلیٰ سندھ آئی جی، ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد، ڈی آئی جی، ایس ایس پی مٹیاری سے مطالبہ کیا ہے کہ لوٹ مار، ڈکیتی، چوری، جنسی زیادتی کے واقعات کا نوٹس لے کر ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔