گستاخانہ خاکوں نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا

93

جھڈو (نمائندہ جسارت) گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانس کیخلاف مدرسہ عربیہ طاہریہ اسلم ٹاؤن جھڈو کے زیر اہتمام عظیم الشان ’’تحفظ ناموسِ رسالت احتجاجی ریلی‘‘ کا انعقاد۔ جھڈو پریس کلب کے سامنے ریلی کے شرکاء سے علمائے کرام کا خطاب، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر مظاہرین کی فرانس اور فرانسیسی صدر کیخلاف شدید نعرے بازی، فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ، ریلی کے شرکاء نے فرانس کا پرچم پاؤں تلے روند کر نذر آتش کیا۔ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف مدرسہ عربیہ طاہریہ اسلم ٹاؤن جھڈو کے زیر اہتمام مولانا حافظ شہزاد علی طاہری کی قیادت میں اسلم ٹاؤن جھڈو سے عظیم الشان تحفظ ناموس رسالت ریلی کا آغاز ہوا۔ ریلی میں سیکڑوں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے جھڈو پریس کلب پہنچے، جہاں مولانا شہزاد علی طاہری، مفتی تنویر احمد نقشبندی، مولانا سرفراز خلیلی، مولانا وزیر احمد تنیو اور مولانا سائیں داد خلیلی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملعون فرانس نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کر کے محسن انسانیت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرکے دنیا کے اربوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو شدید مجروح کیا ہے جس کی تمام مسلمان شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان حکومت فرانس سے ہر طرح کے سفارتی و تجارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرنے کا واضح اور دو ٹوک اعلان کرے اور فرانسیسی سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے اور پاکستانی سفیر کو فرانس سے واپس وطن بلایا جائے۔ علمائے کرام نے مزید کہا کہ فرانس میں مسلمانوں کی مساجد کو بند کر کے عبادت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور بار بار گستاخانہ خاکوں کی نمائش کرکے عالم اسلام کے اربوں مسلمانوں کی دینی غیرت کو للکارا جارہا ہے۔ امت مسلمہ اور دنیا بھر کے مسلم حکمران اپنی بے حسی کو ختم کر کے فرانس حکومت اور تمام فرانسیسی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرکے مسلم امہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کر ے۔ ریلی کے شرکاء نے فرانس حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور فرانسیسی پرچم کو شرکاء نے اپنے جوتوں تلے روند کر نذر آتش کردیا۔