امریکا نے ضبط شدہ ایرانی تیل 4کروڑ ڈالر میں نیلام کردیا

178

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے رواں سال4جہازوں کے ذریعے وینزویلا اور دیگر ممالک کو بھیجا جانے والاایرانی تیل ضبط کیا تھا، جسے فروخت کردیا گیا۔ ایران اور وینزویلا کے لیے امریکی خصوصی ایلچی ایلیوٹ ابرامز کا کہنا تھا کہ تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والے 4کروڑ ڈالر کی رقم کو دہشت گردی کے متاثرین کو بطور معاوضہ ادا کیا جائے گی۔ ابتدا میں یہ رقم فنڈ میں ڈال دی جائے گی اور بوقت ضرورت متاثرین تک پہنچائی جائے گی۔ امریکی مندوب نے ایرانی تیل کی ضبطی کو امریکا کے قومی سلامتی کے مفادات کے لیے اہم فتح قرار دیا اور کہا کہ واشنگٹن نے تہران کو لاکھوں ڈالر اور وینزویلا کو تیل کے حصول سے محروم کردیا۔ ابرامز نے کہا کہ ایرانی حکومت اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے گی اور تیل کو ضبطی سے بچانے کے لیے نجی جہازوں کو استعمال کرے گی۔ دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیوں کا سلسلہ بھی زور شور سے جاری ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے ایران سے تعلق کے الزام میں کئی افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ زیر عتاب آنے والوں میں چین اور سنگاپور میں میں قائم کمپنیاں بھی شامل تھیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے دفتر نے اپنے بیان میں 8 اداروں کی نشاندہی کی، جنہوں نے ایرانی پیٹروکیمیکل مصنوعات کی فروخت اور خریداری میں حصہ لیا۔