بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی آمد آج سے شروع ہوگی

164

مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی حکومت نے کورونا وبا کے پیش نظر غیر ملکیوں کی عمرہ ادائیگی پر عائد پابندیاںختم کردیں۔ پابندیوں کے خاتمے کے تیسرے مرحلے پر آج سے عمل ہوگا اور مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کو لے کرپروازیں جدہ پہنچیں گی۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کا شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر استقبال کیا جائے گا۔ وہاں عمرہ زائرین کی آمد سے لے کر ان کی واپسی تک تمام مراحل کی ہدایات آویزاں کردی گئی ہیں،جن میں ہوائی اڈے پر اترنے، بسوں کے ذریعے حرم کی طرف روانگی، چیکنگ پوائنٹس سے گزرنے، عمرہ مناسک کی ادائیگی اور واپسی شامل ہے۔ وزارت حج عمرہ نے رجسٹریشن کے لیے ’اعتمرنا ‘نامی ایپ متعارف کرائی ہے۔ چیمبر آف کامرس میں ہوٹلز کمیٹی کے رکن ہانی عمیری کا کہناتھا کہ دنیا بھر سے خواہش مند مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے عمرے کی تیاری کر رکھی۔ اس ضمن میں 531 سعودی عمرہ ٹور آپریٹر کمپنیاں موجود ہیں، جو اللہ کے مہمانوں کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کے علاوہ ساڑھے 6ہزار بیرونی عمرہ ایجنٹ ہیں۔ تمام کمپنیوں کے کارکنان کو طبی کورس مکمل کرائے جا چکے ہیں۔ آج سے یومیہ 20 ہزار معتمرین اور 60 ہزار نمازیوں کا استقبال کیا جائے گا۔