پی ایس ایل میں نئے ٹیلنٹ کو موقع دینگے،جاوید آفریدی

332

گوادر(جسارت نیوز)پی ایس ایل سے قبل پشاور زلمی کی گراس روٹ لیول پر کرکٹ سرگرمیاں بھرپور انداز میں شروع کر دی ہیں۔ہفتہ کو پشاور زلمی میڈیا ونگ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایم جی زلمی کیمپ کے سلسلے میں گوادر کے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم میں نوجوان کرکٹرز کے ٹرائلز کا اہتمام کیا گیا۔ گوادر کرکٹ اسٹیڈیم اور اطراف کی انتہائی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، پشاور زلمی میڈیا ٹیم نے انتہائی مہارت سے گوادر کرکٹ اسٹیڈیم اور اطراف کی خوبصورتی کو کیمرے کہ آنکھ سے محفوظ کیا، ٹرائلز میں گوادر اور گردو نواح کے نوجوان کرکٹرز شریک ہوئے،پشاور زلمی مینجمنٹ اور مقامی کرکٹ آرگنائزز، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرز بھی اس موقع پر موجود تھے، پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور نوجوان کرکٹرز کو مواقع دینا پشاور زلمی کا مشن ہے، خیبر پختونخواہ، پنجاب کے بلوچستان میں بھی پشاور زلمی نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور حوصلہ افزائی کے لیے پہنچی ہے،خوشی ہے کہ گوادر کے انتہائی خوبصورت اسٹیڈیم میں ایم جی زلمی کیمپ ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا اور یہاں کے نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، پشاور َزلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے ایم جی زلمی کیمپ کے ذریعے دس سے زیادہ شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کرچکے ہیں، نئے ٹیلنٹ کو پی ایس ایل 6 میں موقع دیں گے۔