کراچی ، مفتی عبداللہ عمر پر حملہ شدید زخمی،ایک ملزم گرفتار

394

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں امام مسجد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے جمشید روڈ میں فائرنگ سے مسجد سبحانیہ کے امام مفتی عبداللہ زخمی ہوگئے ۔ اہل علاقہ نے مفتی عبداللہ کو انتہائی تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال پہنچایا۔ مفتی عبداللہ پر فائرنگ کرنے والے شخص کو اہل علاقہ نے پکڑ لیا اور تشددکا نشانہ بنایا جبکہ حملے میں ملوث دوسرا شخص فرار ہوگیا۔ اہل علاقہ نے ملزم کو پولیس کے حوالے کرنے سے بھی انکار کردیا، تھانہ جمشید ٹاؤن پولیس کو ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے اہل علاقہ کی مزاحمت برداشت کرنا پڑی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے موٹر سائیکل پر مفتی عبداللہ کا پیچھا کیا اور ان کو گھر کے قریب پہنچنے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا، فائرنگ کے دوران گولی پستول کے چیمبر میں پھنسنے کے باعث ملزمان فائر نہیں کر سکے۔ موقع پر موجود اہل علاقہ اور سیکورٹی گارڈ نے ملزم کو پکڑا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کیا جبکہ دوسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے موبائل فون اور نائن ایم ایم پستول برآمد کر لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔