پاکستان کی ترقی کیلیے نواز شریف کا بیانیہ ناگزیر ہے‘مریم اورنگزیب

162

لاہور (نمائندہ جسارت) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مضبوطی کے لیے نواز شریف کا بیانیہ ناگزیر ہے، قائد اعظم اورملکی آئین کے بیانیے سے لڑنے والوں کے مقدر میں تاریخ نے رسوائی لکھی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وزیراطلاعات شبلی فراز کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا شبلی صاحب ملک کے وفادار ہو تو ووٹ چور سلیکٹڈ ٹولے کے خلاف نکلو،مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران نیازی کرائے کے ترجمانوں کو عوام میں بھیجیں تاکہ اِن کی عقل ٹھکانے آئے،سلیکٹڈنااہل کرپٹ ٹولہ کمروں سے باہر نکل کر دیکھے، بھوک، بے روزگاری، مہنگائی،آٹا چینی، ووٹ چوری کے خلاف پورا پاکستان انقلابی بن چکا ہے ،30 روپے کی روٹی، 75 روپے کلو آٹے، 110 روپے کلوچینی اور 900 فیصد دوائی کی قیمت میں اضافے نے قوم کو انقلابی بنا دیا ہے۔شبلی فراز نے انقلاب دیکھنا ہے تو ڈی چوک ہی چلے جائیں جہاں سرکاری ملازم،برطرف ریڈیو ملازم اور لیڈی ہیلتھ ورکرز انقلاب برپاکررہے ہیں،تباہ معیشت ،ناکام خارجہ پالیسی، سقوط کشمیر کے خلاف عوام انقلاب لا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کرائے کے ترجمان بھارتیمیڈیا کے ایما پر غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا بند کریں۔