وزیراعظم نے آئی جی کو دھمکایا، شہباز اور حمزہ کو سہولت نہ دیں، رانا ثنا

215

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے آئی جی جیل کو بلا کر دھمکی دی کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوئی سہولت نہ دی جائے، اگر انہیں کوئی سہولت دی تو آپ کو نہیں چھوڑوں گا، انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے بیانات بھارتی بیانیے سے منسوب کرنے کے سواکوئی کام نہیں۔ لاہور میں انسداد منشیات کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے مزید کہا کہ انتقام کی مہم نااہل اور نالائق حکمران ٹولہ چلارہا ہے، یہ آگ ابھی عدالتوں اور ایوانوں میں ہے اگر یہ آگ گلی محلوں تک پھیلی تو حالات کسی کے بس میں نہیں رہیں گے، چیف جسٹس پاکستان، آرمی چیف، چیئرمین نیب سے اپیل کرتا ہوں کہ صورتحال کو دیکھیں ۔ سردار ایاز صادق کے بیان سے متعلق رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت ایاز صادق کا اسمبلی میں دیا گیا بیان چیلنج نہیں ہوسکتا، اگر انہوںنے غلط بات کی تھی تو کیا اسپیکر سوئے ہوئے تھے؟، اسپیکر نے ایاز صادق کا بیان حذف کیوں نہیں کیا؟ اسپیکر بیان حذف کردیتے وہ شائع نہیں ہوتا، حکومتی ٹیم بھی ایوان میں موجود تھی انہوں نے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا، محض انتقام کیلیے پی ڈی ایم (ن) لیگ اور ان کی قیادت کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔