کبھی کسی کو حب الوطنی یا غداری کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا، چودھری سرور

153

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی کسی کو حب الوطنی یا غداری کا سرٹیفکیٹ نہیں دیا، تمام سیاستدانوں کو صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنا چاہیے، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے کہ ہر شخص ہر کام میں ٹانگ اڑا رہا ہے، ایاز صادق کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ ہمیں صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہنے کی جرات کرنی چاہیے لیکن ہمیں قومی مفادکو سامنے رکھنا چا ہیے، اپنے فائدے میں اس حد تک نہ جائیں جس سے ملک کو نقصان ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویمن یونیورسٹی میں فلٹریشن پلانٹ کے افتتاح اور چیمبر آف کامر س میں تاجروں سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم روزانہ 20 لاکھ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں، سابق حکومت نے ڈیڑھ کروڑ میں پانی کا پلانٹ لگایا جبکہ ہم نے 15 لاکھ میں لگا دیا، حکومت کا ڈیڑھ کروڑ والا پلانٹ بند ہوگیا جبکہ ہمارا چل رہا ہے۔ چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب میں چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں تاجروں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے، تاجروں کی فلاح و بہود کیلیے میں ہمہ وقت کوشاں ہوں۔ میرا ڈیڑھ سال اس حکومت میں بڑا مشکل گزرا، اب 2 سال گزرنے کے بعد مجھے تسلی ہوگئی ہے کہ ملک میں کام ہو رہا ہے،اسٹیک ہولڈر کو بلا کر میں تمام مسائل حل کر دوں گا۔