“حکومت کو بیانات بھارت سے منسوب کرنے کے سوا کوئی کام نہیں”

329

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپوزیشن کے بیانات بھارتی بیانیے سے منسوب کرنے کے سوا کوئی کام نہیں.

سابق وزیر قانون وصدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثنااللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتقام اور نفرت میں غرق ٹولہ ملک پرمسلط ہے، حکومت کے ترجمان اپوزیشن کو گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، انتقام کی آگ گلی محلوں تک پھیل گئی توحالات کسی کے قابومیں نہیں ہوں گے.

لیگی رہنما نے کہا کہ ایاز صادق جب قومی اسمبلی میں بیان دے رہے تھے تو کیا اسپیکر اور حکومتی ارکان سو رہے تھے، پارلیمنٹ میں کی گئی بات کہیں چیلنج نہیں ہوسکتی، ایجنڈا کچھ ہوتا ہے اوروزیراعظم کہتے ہیں کسی کو نہیں چھوڑوں گا.

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی جی جیل کو بلا کر دھمکی دی کہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کوکوئی سہولت نہ دی جائے، وزیراعظم عمران خان اجلاس کی کارروائی نواز شریف پر تنقید سے شروع کرتے ہیں.

رانا ثنااللہ کا مزید کہنا تھا کہ ضروریات زندگی کی دیگر اشیا کی قیمتوں سے متعلق بھی عوام کے اربوں روپے پر ڈاکا ڈالا گیا، حکومتی فیصلے بروقت نہ ہوئے جس کی وجہ سے بوجھ عوام پر پڑا اور حکومت کو اپوزیشن کے بیانات بھارتی بیانیے سے منسوب کرنے کے سوا کوئی کام نہیں.

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے 21 نومبر کی تاریخ مقرر کردی اور پراسیکیوشن کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے بحث کا حکم دے دیا.