حمزہ شہباز کا بکتربند گاڑی میں عدالت آنے سے صاف انکار

544

لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہونے کے لیے حمزہ شہباز نے پولیس کی بکتر بند گاڑی میں بیٹھنے سے انکار کردیا۔

احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سماعت جج امجد نذیر چوہدری نے کی جس میں جوڈیشل افسر سمیت دیگر پیش ہوئے۔

سماعت پر جج امجد نذیر چوہدری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جوڈیشل افسر سے پوچھا کہ حمزہ شہباز کو عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیا؟

جوڈیشل افسر نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز جیل میں ہیں۔ جیل کے باہر بکتر بند گاڑی کھڑی ہے لیکن وہ باہر نہیں آرہے۔

ڈپٹی سپرٹینڈنٹ جیل کے مطابق حمزہ شہباز نے بکتر بند گاڑی کو دیکھتے ہی عدالت آنے سے انکار کردیا۔

فاضل جج نے ریماکس دیے کہ کیا یہ اب ملزمان کی مرضی ہوگی کہ وہ عدالت میں پیش ہوں یا نہ ہوں، ملزمان کی پسند ہوگی کہ وہ کون سی گاڑی میں جائے گا؟

جج امجد نذیر چوہدری نے کہا کہ یہ ریاست کی ناکامی ہے کہ وہ ملزمان کے سامنے بے بس ہے۔

احتساب عدالت کے جج نے جیل حکام سے تحریری جواب طلب کرلیا۔ فاضل جج نے کہا کہ تحریری جواب جمع کروائیں کہ حمزہ شہباز کیوں پیش نہیں ہوئے، نیب کے گواہ آئندہ سماعت پر دوبارہ پیش ہوں۔

احتساب عدالت نے سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔