قوم کو تقریروں نہیں بلکہ ایکشن کی ضرورت ہے، سراج الحق

420

مظفر گڑھ: جماعت اسلامی کے سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ خان صاحب، قوم کو آپ کی تقریروں نہیں بلکہ ایکشن کی ضرورت ہے جبکہ پی ٹی آئی نے عوام کو مایوس کردیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مظفرگڑھ میں جماعت اسلامی کے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ لوگ وزیراعظم عمران خان کی تقریریں سن کر بور ہوچکے ہیں جبکہ قوم کو آپ کی تقریروں نہیں بلکہ ایکشن کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہام تھا کہ حکومت کو آئے 800 دن ہوگئے ہیں اور اب عوام یہ پوچھتے ہیں تبدیلی کہاں ہے جبکہ نعمتوں کے باوجود ملکی معیشت بیٹھ گئی ہے اورکشمیر کے مسئلے پر اسلامی ممالک بھی ساتھ نہیں دے رہے اور ایک سال میں 19 لاکھ بھارتی ہندوؤں کو کشمیر کے اندر لایا گیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ خارجی اور داخلی سمیت ہر محاذ پر حکومت ناکام ہوچکی ہے اور جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے میں تمام پارٹیوں نے جنوبی پنجاب کے شہریوں سے بے وفائی کی ہے اور پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا جھگڑا صرف اقتدار کی لڑائی ہے۔
خیال رہے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر راؤ محمد ظفر اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیاہے ۔