ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ، متعدد جاں بحق، درجنوں زخمی

677

ازمیر: ترکی کے ساحلی شہر ازمیر اور گردونواح میں 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں جبکہ اب تک 4 افراد کے ہلاک اور 120 کے زخمی ہونے کے اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلہ بحیرہ ایجیئن میں آیا جس کے جھٹکے ترکی اور یونان دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس کی شدت امریکی ریکٹر اسکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور  تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ازمیر میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے، ازمیر اور بحیرہ ایجیئن کے ساحل سے متصل علاقوں میں سمندر کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔