نبی مہربان ؐ کی سیرت طیبہ اپنانے کی ضرورت ہے،اسما سفیر

141

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسما سفیر نے 12ربیع الاول کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیرت طیبہ محض بیان کرنے اور منانے کے لیے نہیں بلکہ اس کو اپنانے کی ضرورت ہے، نبی کریمؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ اور مشعل راہ ہے۔ آپؐ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم نبی کریمؐ کی سنتوں پر عمل کریں۔ نبی کریم ؐکے
اعلیٰ اخلاق وکردار کی بدولت اہل عرب آپ کی طرف کھنچے چلے آئے، نبی ؐکے عظیم مشن ہی کی وجہ سے آج ہم اسلام کی تعلیمات سے بہر ور ہیں، لوگوں کے قلب و ذہن کا تزکیہ، کتاب اللہ کی تعلیمات کو دوسروں تک پہنچانا، بدر و حنین اور طائف کی وادی کو اپنی زندگیوں میں میں یاد رکھنا ہم سب کا فرض ہے،آپ ؐکا قول و عمل سراپا شفقت و محبت تھا۔ اسما سفیر نے کہاکہ آج فرانس اور یورپ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کی شان رسالتؐ میں توہین کی شدید مذمت کرتے ہیں ، جس نے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔کفار ان ناپاک حرکتوں سے مسلمانوں کے اندر اشتعال پیدا کرنا چاہتے ہیں، مسلمان امن پسند قوم ہیں،ہم اپنے تمام انبیا سے عقیدت ومحبت رکھتے ہیں، اسلامی ممالک کے بے حس حکمرانوں نے عالمی سطح پر غیرت و حمیت سے عاری ہونے کا ثبوت دے کر عالم اسلام کو کمزور کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سنت کو عام کرنے اور اپنانے سے ہی وہ عزت ملے گی جسے ہم غیروں کے طریقوں اور ان کے در پر تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔