ملکی استحکام پاکستان کے آئین میں ہے، اخترمینگل

79

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ پاکستان کا استحکام پاکستان کے آئین میں ہے، ملکی استحکام کی گاڑی بار بار پٹڑی سے اترتی رہے گی اور بار بار اس کو پٹڑی پر لا یا جائے گا تو یہ گاڑی منزل مقصود تک نہیں پہنچ سکتی، حکومت کودرپیش مسئلوں پر راتوں رات قانون سازی کی جاتی ہے جبکہ عوام کودرپیش مسائل پرکوئی قانون سازی نہیں ہوپارہی پی ڈی ایم نے تحریک میں تیزی لائی تومجھے نہیں لگتا
کہ حکومت دسمبر سے آگے چل پائے گی، بلوچستان میں عدم اعتماد کی تحریک لانا قانونی حق ہے تاہم نمبرز درکار ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی( باپ )پارٹی کی ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے تو ان میں مختلف سیاسی جماعتوں کے خون کی ذرات ملیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے حکومتوں کا ساتھ مراعات اور عہدوں کے لیے دیا تھا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں یہی پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) میں بھی ہوا انہوں نے اعتماد بھی دیکھا اورعدم اعتماد بھی دیکھا اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ہم کسی نقطے پر متفق ہوئے ہیں میں مسلم لیگ(ن) کے پاس کسی وزارت کے لیے نہیں گیا ہوں جس کے لیے جام کمال اور اس کے والد محترم گئے تھے ہم آئین کی بالادستی اور اس کی حکمرانی ،صاف وشفاف الیکشن کے لیے اکھٹے ہوئے ہیں۔